Surah

Information

Surah # 2 | Verses: 286 | Ruku: 40 | Sajdah: 0 | Chronological # 87 | Classification: Madinan
Revelation location & period: Madina phase (622 - 632 AD). Except 281 from Mina at the time of the Last Hajj
وَالۡمُطَلَّقٰتُ يَتَرَ بَّصۡنَ بِاَنۡفُسِهِنَّ ثَلٰثَةَ قُرُوۡٓءٍ ‌ؕ وَلَا يَحِلُّ لَهُنَّ اَنۡ يَّكۡتُمۡنَ مَا خَلَقَ اللّٰهُ فِىۡٓ اَرۡحَامِهِنَّ اِنۡ كُنَّ يُؤۡمِنَّ بِاللّٰهِ وَالۡيَوۡمِ الۡاٰخِرِ‌ؕ وَبُعُوۡلَتُهُنَّ اَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ فِىۡ ذٰ لِكَ اِنۡ اَرَادُوۡٓا اِصۡلَاحًا ‌ؕ وَلَهُنَّ مِثۡلُ الَّذِىۡ عَلَيۡهِنَّ بِالۡمَعۡرُوۡفِ‌ وَلِلرِّجَالِ عَلَيۡهِنَّ دَرَجَةٌ ‌ ؕ وَاللّٰهُ عَزِيۡزٌ حَكِيۡمٌ‏ ﴿228﴾
طلاق والی عورتیں اپنے آپ کو تین حیض تک روکے رکھیں ، انہیں حلال نہیں کہ اللہ نے ان کے رحم میں جو پیدا کیا ہو اُسے چھپائیں ، اگر انہیں اللہ تعالٰی پر اور قیامت کے دن پر ایمان ہو ، ان کے خاوند اس مدت میں انہیں لوٹا لینے کے پورے حقدار ہیں اگر ان کا ارادہ اصلاح کا ہو اور عورتوں کے بھی ویسے ہی حق ہیں جیسے ان پر مردوں کے ہیں اچھائی کے ساتھ ہاں مردوں کو عورتوں پر فضیلت ہے اور اللہ تعالٰی غالب ہے حکمت والا ہے ۔
و المطلقت يتربصن بانفسهن ثلثة قروء و لا يحل لهن ان يكتمن ما خلق الله في ارحامهن ان كن يؤمن بالله و اليوم الاخر و بعولتهن احق بردهن في ذلك ان ارادوا اصلاحا و لهن مثل الذي عليهن بالمعروف و للرجال عليهن درجة و الله عزيز حكيم
Divorced women remain in waiting for three periods, and it is not lawful for them to conceal what Allah has created in their wombs if they believe in Allah and the Last Day. And their husbands have more right to take them back in this [period] if they want reconciliation. And due to the wives is similar to what is expected of them, according to what is reasonable. But the men have a degree over them [in responsibility and authority]. And Allah is Exalted in Might and Wise.
Tallaq wali aurten apney aap ko teen haiz tak rokay rakhen unhen halal nahi kay Allah ney unn kay reham mein jo paida kiya ho ussay chupayen agar unhen Allah Taalaa per aur qayamat kay din per eman ho unn kay khawind iss muddat mein unhen lota lenay kay pooray haq daar hain agar unn ka irada islaah ka ho. Aur aurton kay bhi wesay hi haq hain jaisay unn per mardon kay hain achai kay sath. Haan mardon ko aurton per fazeelat hai aur Allah Taalaa ghalib hai aur hikmat wala hai.
اور جن عورتوں کو طلاق دے دی گئی ہو وہ تین مرتبہ حیض آنے تک اپنے آپ کو انتظار میں رکھیں ( ١٤٩ ) اور اگر وہ اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتی ہوں تو ان کے لیے حلال نہیں ہے کہ اللہ نے ان کے رحم میں جو کچھ ( حمل یا حیض ) پیدا کیا ہے اسے چھہپائیں ، اور اس مدت میں اگر ان کے شوہر حالات بہتر بنانا چاہیں تو ان کو حق ہے کہ وہ ان عورتوں کو ( اپنی زوجیت ) میں واپس لے لیں ۔ اور ان عورتوں کو معروف طریقے کے مطابق ویسے ہہی حقوق حاصل ہیں جیسے ( مردوں کو ) ان پر حاصل ہیں ۔ ہاں مردوں کو ان پر ایک درجہ فوقویت ہے ( ١٥٠ ) اور اللہ غالب اور حکتم والا ہے ، ۔
اور طلاق والیاں اپنی جانوں کو روکے رہیں تین حیض تک ( ف٤٤۱ ) اور انہیں حلال نہیں کہ چھپائیں وہ جو اللہ نے ان کے پیٹ میں پیدا کیا ( ف٤٤۲ ) اگر اللہ اور قیامت پر ایمان رکھتی ہیں ( ف٤٤۳ ) اور ان کے شوہروں کو اس مدت کے اندر ان کے پھیر لینے کا حق پہنچتا ہے اگر ملاپ چاہیں ( ف٤٤٤ ) اور عورتوں کا بھی حق ایسا ہی ہے جیسا ان پر ہے شرع کے موافق ( ف٤٤۵ ) اور مردوں کو ان پر فضیلت ہے ، اور اللہ غالب حکمت والا ہے ،
جن عورتوں کو طلاق دی گئی ہو ، وہ تین مرتبہ ایّامِ ماہواری آنے تک اپنے آپ کو روکے رکھیں اور ان کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ اللہ نے ان کے رحم میں جو کچھ خَلق فرمایا ہو ، اسے چھپائیں ۔ انھیں ہرگز ایسا نہ کرنا چاہیے ، اگر وہ اللہ اور روزِ آخر پر ایمان رکھتی ہیں ۔ ان کے شوہر تعلقات درست کر لینے پر آمادہ ہوں ، تو وہ اس عدّت کے دوران میں انھیں پھر اپنی زوجیّت میں واپس لے لینے کے حق دار ہیں ۔ 249 عورتوں کے لیے بھی معروف طریقے پر ویسے ہی حقوق ہیں ، جیسے مَردوں کے حقوق ان پر ہیں ۔ البتہ مردوں کو ان پر ایک درجہ حاصل ہے ۔ اور سب پر اللہ غالب اقتدار رکھنے والا اور حکیم و دانا موجود ہے ۔ ؏۲۸
اور طلاق یافتہ عورتیں اپنے آپ کو تین حیض تک روکے رکھیں ، اور ان کے لئے جائز نہیں کہ وہ اسے چھپائیں جو اﷲ نے ان کے رحموں میں پیدا فرما دیا ہو ، اگر وہ اﷲ پر اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہیں ، اور اس مدت کے اندر ان کے شوہروں کو انہیں ( پھر ) اپنی زوجیت میں لوٹا لینے کا حق زیادہ ہے اگر وہ اصلاح کا ارادہ کر لیں ، اور دستور کے مطابق عورتوں کے بھی مردوں پر اسی طرح حقوق ہیں جیسے مردوں کے عورتوں پر ، البتہ مردوں کو ان پر فضیلت ہے ، اور اﷲ بڑا غالب بڑی حکمت والا ہے
سورة الْبَقَرَة حاشیہ نمبر :249 اس آیت کے حکم میں فقہا کے درمیان اختلاف ہے ۔ ایک جماعت کے نزدیک جب تک عورت تیسرے حیض سے فارغ ہو کر نہا نہ لے ، اس وقت تک طلاق بائن نہ ہوگی اور شوہر کو رجوع کا حق باقی رہے گا ۔ حضرات ابوبکر ، عمر ، علی ، ابن عباس ، ابو موسیٰ اشعری ، ابن مسعود رضی اللہ عنہم اور بڑے بڑے صحابہ کی یہی رائے ہے اور فقہائے حنفیہ نے اسی کو قبول کیا ہے ۔ بخلاف اس کے دوسری جماعت کہتی ہے کہ عورت کو تیسری بار حیض آتے ہی شوہر کا حق رجوع ساقط ہو جاتا ہے ۔ یہ رائے حضرات عائشہ ، ابن عمر ، اور زید بن ثابت رضی اللہ عنہم کی ہے اور فقہائے شافعیہ و مالکیہ نے اسی کو اختیار کیا ہے ۔ مگر واضح رہے کہ یہ حکم صرف اس صورت سے متعلق ہے ، جس میں شوہر نے عورت کو ایک یا دو طلاقیں دی ہوں ۔ تین طلاقیں دینے کی صورت میں شوہر کو حق رجوع نہیں ہے ۔
طلاق کے مسائل: ان عورتوں کو جو خاوندوں سے مل چکی ہوں اور بالغہ ہوں ، حکم ہو رہا ہے کہ طلاق کے بعد تین حیض تک رُکی رہیں پھر اگر چاہیں تو اپنا نکاح دوسرا کر سکتی ہیں ، ہاں چاروں اماموں نے اس میں لونڈی کو مخصوص کر دیا ہے وہ دو حیض عدت گزارے کیونکہ لونڈی ان معاملات میں آزاد عورت سے آدھے پر ہے لیکن حیض کی مدت کا ادھورا ٹھیک نہیں بیٹھتا ، اس لئے وہ دو حیض گزارے ۔ ایک حدیث میں یہ بھی ہے کہ لونڈی کی طلاقیں بھی دو ہیں اور اس کی عدت بھی دو حیض ہیں ۔ ( ابن جریر ) لیکن اس کے راوی حضرت مظاہر ضعیف ہیں ، یہ حدیث ترمذی ، ابو داؤد اور ابن ماجہ بھی ہے ۔ امام حافظ دارقطنی فرماتے ہیں گو اس کی نسبت بھی امام دارقطنی یہی فرماتے ہیں کہ یہ حضرت عبداللہ کا اپنا قول ہی ہے ۔ اسی طرح خود خلیفۃ المسلمین حضرت فاروق اعظم سے مروی ہے ، بلکہ صحابہ میں اس مسئلہ میں اختلاف ہی نہ تھا ، ہاں بعض سلف سے یہ بھی مروی ہے کہ عدت کے بارے میں آزاد اور لونڈی برابر ہے ، کیونکہ آیت اپنی عمومیت کے لحاظ سے دونوں کو شامل ہے اور اس لئے بھی کہ یہ فطری امر ہے لونڈی اور آزاد عورت اس میں یکساں ہیں ۔ محمد بن سیرین اور بعض اہل ظاہر کا یہی قول ہے لیکن یہ ضعیف ہے ۔ ابن ابی حاتم کی ایک غریب سند والی روایت میں ہے کہ حضرت اسماء بن یزید بن سکن انصاریہ کے بارے میں یہ آیت نازل ہوئی ہے ، اس سے پہلے طلاق کی عدت نہ تھی ۔ سب سے پہلے عدت کا حکم ان ہی کی طلاق کے بعد نازل ہوا ۔ قروء کے معنی میں سلف خلف کا برابر اختلاف رہا ہے ۔ ایک قول تو یہ ہے کہ اس سے مراد طہر یعنی پاکی ہے ۔ حضرت عائشہ کا یہی فرمان ہے چنانچہ انہوں نے اپنی بھتیجی حضرت عبدالرحمن کی بیٹی حفصہ کو جبکہ وہ تین طہر گزار چکیں اور تیسرا حیض شروع ہوا تو حکم دیا کہ وہ مکان بدل لیں ۔ حضرت عروہ نے جب یہ روایت بیان کی تو حضرت عمرہ نے جو صدیقہ کی دوسری بھتیجی ہیں ، اس واقعہ کی تصدیق کی اور فرمایا کہ لوگوں نے حضرت صدیقہ پر اعتراض بھی کیا تو آپ نے فرمایا اقراء سے مراد طہر ہیں ( موطا مالک ) بلکہ موطا میں ابو بکر بن عبدالرحمن کا تو یہ قول بھی مروی ہے کہ میں نے سمجھدار علماء فقہاء کو قروء کی تفسیر طہر سے ہی کرتے سنا ہے ۔ حضرت عبداللہ بن عمر بھی یہی فرماتے ہیں کہ جب تیسرا حیض شروع ہوا تو یہ اپنے خاوند سے بری ہو گی اور خاوند اس سے الگ ہوا ( موطا ) امام مالک فرماتے ہیں ہمارے نزدیک بھی مستحق امر یہی ہے ۔ ابن عباس ، زید بن ثابت ، سالم ، قاسم ، عروہ ، سلیمان بن یسار ، ابو بکر بن عبدالرحمن ، ابان بن عثمان ، عطاء ، قتادہ ، زہری اور باقی ساتوں فقہاء کا بھی یہی قول ہے ۔ امام مالک ، امام شافعی کا بھی یہی مذہب ہے ۔ داؤد اور ابو ثور بھی یہی فرماتے ہیں ۔ امام احمد سے بھی ایک روایت اسی طرح کی مروی ہے اس کی دلیل ان بزرگوں نے قرآن کی اس آیت سے بھی نکالی ہے کہ آیت ( فطلقوھن لعدتھن ) یعنی انہیں عدت میں یعنی طہر میں پاکیزگی کی حالت میں طلاق دو ، چونکہ جس طہر میں طلاق دی جاتی ہے وہ بھی گنتی میں آتا ہے اس سے معلوم ہوا کہ آیت مندرجہ بالا میں بھی قروء سے مراد حیض کے سوا کی یعنی پاکی حالت ہے ، اسی لئے یہ حضرات فرماتے ہیں کہ جہاں تیسرا حیض شروع ہو اور عورت نے اپنے خاوند کی عدت سے باہر ہو گئی اور اس کی کم سے کم مدت جس میں اگر عورت کہے کہ اسے تیسرا حیض شروع ہو گیا ہے تو اسے سچا سمجھا جائے ۔ بتیس دن اور دو لحظہ ہیں ، عرب شاعروں کے شعر میں بھی یہ لفظ طہر کے معنی میں مستعمل ہوا ہے ۔ دوسرا قول یہ ہے کہ اس سے مراد تین حیض ہیں ، اور جب تک تیسرے حیض سے پاک نہ ہو لے تب تک وہ عدت ہی میں ہے ۔ بعض نے غسل کر لینے تک کہا ہے اور اس کی کم سے کم مدت تینتیس دن اور ایک لحظہ ہے اس کی دلیل میں ایک تو حضرت عمر فاروق کا یہ فیصلہ ہے کہ ان کے پاس ایک مطلقہ عورت آئی اور کہا کہ میرے خاوند نے مجھے ایک یا دو طلاقیں دی تھیں پھر وہ میرے پاس اس وقت آیا جبکہ اپنے کپڑے اتار کر دروازہ بند کئے ہوئے تھی ( یعنی تیسرے حیض سے نہانے کی تیاری میں تھی تو فرمائے کیا حکم ہے یعنی رجوع ہو جائے گا یا نہیں؟ ) آپ نے فرمایا میرا خیال تو یہی ہے رجوع ہو گیا ۔ حضرت عبداللہ بن مسعود نے اس کی تائید کی ۔ حضرت صدیق اکبر ، حضرت عمر ، حضرت عثمان ، حضرت علی ، حضرت ابو درداء ، حضرت عبادہ بن صامت ، حضرت انس بن مالک ، حضرت عبداللہ بن مسعود ، حضرت معاذ ، حضرت ابی بن کعب ، حضرت ابو موسیٰ اشعری ، حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم سے بھی یہی مروی ہے ۔ سعید بن مسیب ، علقمہ ، اسود ، ابراہیم ، مجاہد ، عطاء ، طاؤس ، سعید بن جبیر ، عکرمہ ، محمد بن سیرین ، حسن ، قتاوہ ، شعبی ، ربیع ، مقاتل بن حیات ، سدی ، مکحول ، ضحاک ، عطاء خراسانی بھی یہی فرماتے ہیں ۔ امام ابو حنیفہ اور ان کے اصحاب کا بھی یہی مذہب ہے ۔ امام احمد سے بھی زیادہ صحیح روایت میں یہی مروی ہے آپ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بڑے بڑے صحابہ کرام سے یہی مروی ہے ۔ ثوری ، اوزاعی ، ابن ابی لیلی ، ابن شیرمہ ، حسن بن صالح ، ابو عبید اور اسحق بن راہویہ کا قول بھی یہی ہے ۔ ایک حدیث میں بھی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت فاطمہ بن ابی جیش سے فرمایا تھا نماز کو اقراء کے دِنوں میں چھوڑ دو ۔ پس معلوم ہوا کہ قروء سے مراد حیض ہے لیکن اس حدیث کا ایک راوی منذر مجہول ہے جو مشہور نہیں ۔ ہاں ابن حبان اسے ثقہ بتاتے ہیں ۔ امام ابن جریر فرماتے ہیں لغتاً قرء کہتے ہیں ہر اس چیز کے آنے اور جانے کے وقت کو جس کے آنے جانے کا وقت مقرر ہو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس لفظ کے دونوں معنی ہیں حیض کے بھی اور طہر کے بھی اور بعض اصولی حضرات کا یہی مسلک ہے واللہ اعلم ۔ اصمعی بھی فرماتے ہیں کہ قرء کہتے ہیں وقت کو ابو عمر بن علاء کہتے ہیں عرب میں حیض کو اور طہر کو دونوں کو قرء کہتے ہیں ۔ ابو عمر بن عبدالبر کا قول ہے کہ زبان عرب کے ماہر اور فقہاء کا اس میں اختلاف ہی نہیں کہ طہر اور حیض دونوں کے معنی قرء کے ہیں البتہ اس آیت کے معنی مقرر کرنے میں ایک جماعت اس طرف گئی اور دوسری اس طرف ۔ ( مترجم کی تحقیق میں بھی قرء سے مراد یہاں حیض لینا ہی بہتر ہے ) پھر فرمایا ان کے رحم میں جو ہوا اس کا چھپانا حلال نہیں حمل ہو تو اور حیض آئے تو ۔ پھر فرمایا اگر انہیں اللہ اور قیامت پر ایمان ہو ، اس میں دھمکایا جا رہا ہے کہ حق کیخلاف نہ کہیں اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس خبر میں ان کی بات کا اعتبار کیا جائے گا کیونکہ اس پر کوئی بیرونی شہادت قائم نہیں کی جا سکتی اس لئے انہیں خبردار کر دیا گیا کہ عدت سے جلد نکل جانے کیلئے ( حیض نہ آیا ہو ) اور کہہ نہ دیں کہ انہیں حیض آ گیا یا عدت کو بڑھانے کیلئے ( حیض ) آیا مگر اسے چھپا نہ لیں اسی طرح حمل کی بھی خبر کر دیں ۔ پھر فرمایا کہ عدت کے اندر اس شوہر کو جس نے طلاق دی ہے لوٹا لینے کا پورا حق حاصل ہے جبکہ طلاق رجعی ہو یعنی ایک طلاق کے بعد اور دو طلاقوں کے بعد ، باقی رہی طلاق بائن یعنی تین طلاقیں جب ہو جائیں تو یاد رہے کہ جب یہ آیت اتری ہے تب تک طلاق بائن ہی نہیں بلکہ اس وقت تک جب چاہے طلاق ہو جائے سب رجعی تھیں طلاق بائن تو پھر اسلام کے احکام میں آئی کہ تین اگر ہو جائیں تو اب رجعت کا حق نہیں رہے گا ۔ جب یہ بات خیال میں رہے گی تو علماء اصول کے اس قاعدے کا ضعف بھی معلوم ہو جائے گا کہ ضمیر لوٹانے سے پہلے کے عام لفظ کی خصوصیت ہوتی ہے یا نہیں اس لئے کہ اس آیت کے وقت دوسری شکل تھی ہی نہیں ، طلاق کی ایک ہی صورت تھی واللہ اعلم ۔ پھر فرماتا ہے کہ جیسے ان عورتوں پر مردوں کے حقوق ہیں ویسے ہی ان عورتوں کے مردوں پر بھی حقوق ہیں ۔ ہر ایک کو دوسرے کا پاس و لحاظ عمدگی سے رکھنا چاہئے ، صحیح مسلم شریف میں حضرت جابر سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجتہ الوداع کے اپنے خطبہ میں فرمایا لوگو عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرتے رہو تم نے اللہ کی امانت کہہ کر انہیں لیا ہے اور اللہ کے کلمہ سے ان کی شرمگاہوں کو اپنے لئے حلال کیا ہے ، عورتوں پر تمہارا یہ حق ہے کہ وہ تمہارے فرش پر کسی ایسے کو نہ آنے دیں جس سے تم ناراض ہو اگر وہ ایسا کریں تو انہیں مارو لیکن مار ایسی نہ ہو کہ ظاہر ہو ، ان کا تم پر یہ حق ہے کہ انہیں اپنی بساط کے مطابق کھلاؤ پلاؤ پہناؤ اوڑاؤ ، ایک شخص نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ ہماری عورتوں کے ہم پر کیا حق ہیں ، آپ نے فرمایا جب تم کھاؤ تو اسے بھی کھلاؤ جب تم پہنو تو اسے بھی پہناؤ ، اس کے منہ پر نہ مارو اسے گالیاں نہ دو ، اس سے روٹھ کر اور کہیں نہ بھیج دو ، ہاں گھر میں رکھو ، اسی آیت کو پڑھ کر حضرت ابن عباس فرمایا کرتے تھے کہ میں پسند کرتا ہوں کہ اپنی بیوی کو خوش کرنے کیلئے بھی اپنی زینت کروں جس طرح وہ مجھے خوش کرنے کیلئے اپنا بناؤ سنگار کرتی ہے ۔ پھر فرمایا کہ مردوں کو ان پر فضیلت ہے ، جسمانی حیثیت سے بھی اخلاقی حیثیت سے بھی ، مرتبہ کی حیثیت سے بھی حکمرانی کی حیثیت سے بھی ، خرچ اخراجات کی حیثیت سے بھی دیکھ بھال اور نگرانی کی حیثیت سے بھی ، غرض دنیوی اور اخروی فضیلت کے ہر اعتبار سے ، جیسے اور جگہ ہے آیت ( اَلرِّجَالُ قَوّٰمُوْنَ عَلَي النِّسَاۗءِ بِمَا فَضَّلَ اللّٰهُ بَعْضَھُمْ عَلٰي بَعْضٍ وَّبِمَآ اَنْفَقُوْا مِنْ اَمْوَالِهِمْ ) 4 ۔ الرجال:34 ) یعنی مرد عورتوں کے سردار ہیں اللہ تعالیٰ نے ایک کو ایک پر فضیلت دے رکھی ہے اور اس لئے بھی کہ یہ مال خرچ کرتے ہیں ۔ پھر فرمایا اللہ تعالیٰ اپنے نافرمانوں سے بدلہ لینے پر غالب ہے اور اپنے احکام میں حکمت والا ۔