سورة الزُّمَر حاشیہ نمبر :46
یعنی یہ کسی غیر زبان میں نہیں آیا ہے کہ مکے اور عرب کے لوگ اسے سمجھنے کے لیے کسی مترجم یا شارح کے محتاج ہوں ، بلکہ یہ ان کی اپنی زبان میں ہے جسے یہ براہ راست خود سمجھ سکتے ہیں ۔
سورة الزُّمَر حاشیہ نمبر :47
یعنی اس میں اینچ پینچ کی بھی کوئی بات نہیں ہے کہ عام آدمی کے لیے اس کو سمجھنے میں کوئی مشکل پیش آئے ۔ بلکہ صاف صاف سیدھی بات کہی گئی ہے جس سے ہر آدمی جان سکتا ہے کہ یہ کتاب کس چیز کو غلط کہتی ہے اور کیوں ، کس چیز کو صحیح کہتی ہے اور کس بنا پر ، کیا منوانا چاہتی ہے اور کس چیز کا انکار کرانا چاہتی ہے ، کن کاموں کا حکم دیتی ہے اور کن کاموں سے روکتی ہے ۔