Surah

Information

Surah # 39 | Verses: 75 | Ruku: 8 | Sajdah: 0 | Chronological # 59 | Classification: Makkan
Revelation location & period: Middle Makkah phase (618 - 620 AD)
اَللّٰهُ خَالِقُ كُلِّ شَىۡءٍ‌ وَّ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَىۡءٍ وَّكِيۡلٌ‏ ﴿62﴾
اللہ ہرچیز کا پیدا کرنے والا ہے اور وہی ہرچیز پر نگہبان ہے ۔
الله خالق كل شيء و هو على كل شيء وكيل
Allah is the Creator of all things, and He is, over all things, Disposer of affairs.
Allah her cheez ka peda kerney wala hai aur wohi her cheez per nigehbaan hai.
اللہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے ، اور وہی ہر چیز کا رکھوالا ہے
اللہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے ، اور وہ ہر چیز کا مختار ہے ،
اللہ ہر چیز کا خالق ہے اور وہی ہر چیز پر نگہبان ہے 73 ۔
اللہ ہر چیز کا خالق ہے اور وہ ہر چیز پر نگہبان ہے
سورة الزُّمَر حاشیہ نمبر :73 یعنی اس نے دنیا کو پیدا کر کے چھوڑ نہیں دیا ہے ، بلکہ وہی ہر چیز کی خبر گیری اور نگہبانی کر رہا ہے ۔ دنیا کی تمام چیزیں جس طرح اس کے پیدا کرنے سے وجود میں آئی ہیں اسی طرح وہ اس کے باقی رکھنے سے باقی ہیں ، اس کے پرورش کرنے سے پھل پھول رہی ہیں ، اور اس کی حفاظت و نگرانی میں کام کر رہی ہیں ۔
تمام جاندار اور بےجان چیزوں کا خالق مالک رب اور متصرف اللہ تعالیٰ اکیلا ہی ہے ۔ ہر چیز اس کی ماتحتی میں اس کے قبضے اور اس کی تدبیر میں ہے ۔ سب کا کارساز اور وکیل وہی ہے ۔ تمام کاموں کی باگ ڈور اسی کے ہاتھ میں ہے زمین و آسمان کی کنجیوں اور ان کے خزانوں کا وہی تنہا مالک ہے حمد و ستائش کے قابل اور ہر چیز پر قادر وہی ہے ۔ کفر و انکار کرنے والے بڑے ہی گھاٹے اور نقصان میں ہیں ۔ امام ابن ابی حاتم نے یہاں ایک حدیث وارد کی ہے گو سند کے لحاظ سے وہ بہت ہی غریب ہے بلکہ صحت میں بھی کلام ہے لیکن تاہم ہم بھی اسے یہاں ذکر کردیتے ہیں ۔ اس میں ہے کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس آیت کا مطلب پوچھا تو آپ نے فرمایا اے عثمان تم سے پہلے کسی نے مجھ سے اس آیت کا مطلب دریافت نہیں کیا ۔ اس کی تفسیر یہ کلمات ہیں ( لا الہ الا اللہ واللہ اکبر سبحان اللہ وبحمدہ استغفر اللہ ولا قوۃ الا باللہ الاول والاخر والظاہر والباطن بیدہ الخیر یحیی و یمیت وھو علی کل شئی قدیر ۔ ) اے عثمان جو شخص اسے صبح کو دس بار پڑھ لے تو اللہ تعالیٰ اسے چھ فضائل عطا فرماتا ہے اول تو وہ شیطان اور اس کے لشکر سے بچ جاتا ہے ، دوم اسے ایک قنطار اجر ملتا ہے ، تیسرے اس کا ایک درجہ جنت میں بلند ہوتا ہے ، چوتھی اسکا حورعین سے نکاح کرا دیا جاتا ہے ، پانچویں اس کے پاس بارہ فرشتے آتے ہیں ، چھٹے اسے اتنا ثواب دیا جاتا ہے جیسے کسی نے قرآن اور توراۃ اور انجیل و زبور پڑھی ۔ پھر اس ساتھ ہی اسے ایک قبول شدہ حج اور ایک مقبول عمرے کا ثواب ملتا ہے اور اگر اسی دن اس کا انتقال ہو جائے تو شہادت کا درجہ ملتا ہے ۔ یہ حدیث بہت غریب ہے اور اس میں بڑی نکارت ہے ۔ واللہ اعلم ۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں مشرکین نے آپ سے کہا کہ آؤ تم ہمارے معبودوں کی پوجا کرو اور ہم تمہارے رب کی پرستش کریں گے اس پر آیت ( قل افغیر اللہ سے من الخاسرین ) تک نازل ہوئی ۔ یہی مضمون اس آیت میں بھی ہے ۔ ( وَلَوْ اَشْرَكُوْا لَحَبِطَ عَنْهُمْ مَّا كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ 88؀ ) 6- الانعام:88 ) اوپر انبیاء علیہم السلام کا ذکر ہے پھر فرمایا ہے اگر بالفرض یہ انبیاء بھی شرک کریں تو ان کے تمام اعمال اکارت اور ضائع ہو جائیں یہاں بھی فرمایا کہ تیری طرف اور تجھ سے پہلے کے تمام انبیاء کی طرف ہم نے یہ وحی بھیج دی ہے کہ جو بھی شرک کرے اس کا عمل غارت ۔ اور وہ نقصان یافتہ اور زیاں کار ، پس تجھے چاہیے کہ تو خلوص کے ساتھ اللہ وحدہ لاشریک کی عبادت میں لگا رہ اور اس کا شکر گزار رہ ۔ تو بھی اور تیرے ماننے والے مسلمان بھی ۔